وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے تھائی لینڈ کے پرمننٹ سیکریٹری برائے محنت واناپونگ کوچاراگ سے اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان لیبر تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کو مشرقی ایشیا میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور اس کی ترقیاتی حکمتِ عملی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ وزیرِ محنت نے بتایا کہ پاکستان نے معیاری روزگار معاہدے کی بنیاد پر مفاہمتی یادداشت (MoU) کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس کا مقصد شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی، مزدوروں کے تحفظ اور متعلقہ قوانین سے ہم آہنگ نظام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی کا ذکر کرتے ہوئے تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ عملی اقدامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان لیبر تعاون کے فروغ پر اتفاق، دوطرفہ شراکت داری مضبوط بنانے کا عزم
