ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ایئربڈز یا کاٹن کے ذریعے کان صاف کرنا نہ صرف نقصان دہ ہے بلکہ سماعت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ اسپتالوں میں ایسے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جنہیں غلط طریقے سے کان صاف کرنے کے باعث درد، انفیکشن اور کان بند ہونے جیسی شکایات لاحق ہو رہی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق کان میں ایئربڈز ڈالنے سے میل نکلتا نہیں بلکہ اور زیادہ اندر چلا جاتا ہے، جس سے بلاکیج اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کان کے پردے کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، جو آگے چل کر سماعت پر برا اثر ڈال سکتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ گھر پر کان صاف کرنے سے پرہیز کیا جائے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو کسی مستند ڈاکٹر سے ہی علاج کروایا جائے، کیونکہ صرف طبی آلات اور تربیت یافتہ پروفیشنلز ہی یہ کام محفوظ طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔

