بھارتی ریاست کیرالہ میں مہلک نیپاہ وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، 52 سالہ مریض کی پالکڑ ضلع میں تصدیق ہوئی ہے، جو ریاست میں اب تک کا دسواں کیس ہے۔ رواں برس نیپاہ سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
حکام نے 5 اضلاع میں 675 افراد کو نگرانی میں لیا ہے اور ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیپاہ ایک زونوٹک وائرس ہے جو چمگادڑوں، خنزیروں یا آلودہ پھلوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔
علامات میں بخار، کھانسی، ذہنی الجھن اور سانس کی تکلیف شامل ہیں۔ اس وقت نیپاہ کا کوئی خاص علاج یا منظور شدہ ویکسین موجود نہیں، جبکہ اس کے ممکنہ ہوا کے ذریعے پھیلاؤ پر بھی تحقیق جاری ہے۔

