اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے کے کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے شادی سے انکار پر اداکارہ کو دھمکیاں دیں اور مبینہ طور پر نجی مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم اور ان کے ساتھیوں نے دھمکی آمیز پیغامات اور ویڈیوز کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔
تحقیقات میں یہ بات بھی شامل کی گئی ہے کہ مبینہ طور پر متاثرہ فریق کے اہل خانہ کو بھی ہراساں کیا گیا اور مختلف اوقات میں دھمکیاں دی جاتی رہیں۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل شواہد اور موبائل ڈیٹا کو فرانزک معائنے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے اس سے قبل متعلقہ ادارے میں شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
