مملکت کی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور تاریخی مساجد کی تعمیر و توسیع کے سلسلے میں ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے دوسرے مرحلے میں عسیر ریجن کے جنوب میں واقع اسلام کے ابتدائی دور کی تاریخی مسجد، مسجد الحوزۃ، کی تعمیرِ نو مکمل کر لی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی (SPA) کے مطابق یہ مسجد کمشنری ظھران الجنوب میں واقع ہے اور آٹھویں صدی ہجری میں حضرت علی بن ابی طالب نے تعمیر کرائی تھی، جب نبی اکرم ﷺ نے انہیں یمن میں اسلام کی تبلیغ کے لیے بھیجا تھا۔ بعد ازاں مسجد کی متعدد توسیعات ہوئیں، جن میں 1213 اور 1353 ہجری کی اہم توسیعات شامل ہیں۔
مسجد کا تعمیراتی انداز علاقائی طرزِ تعمیر کا شاہکار ہے، جس میں چکنی مٹی اور مقامی درختوں کی لکڑی استعمال کی گئی، اور ایک کونے میں پانی کے لیے کنواں بھی بنایا گیا۔
تعمیرِ نو کے بعد مسجد کا مجموعی رقبہ 293 مربع میٹر ہو گیا اور مصلوں کی گنجائش 100 سے بڑھ کر 148 ہو گئی۔ یہ اقدام تاریخی مساجد کے تحفظ اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
