کراچی میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متعدد اہم سڑکیں اور راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیے گئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل، سلطان آباد کے قریب ایم ٹی خان روڈ، اور میری ویدر ٹاور سے مولوی تمیز الدین روڈ تک مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس اور اطراف کی سڑکوں کو بھی سیل رکھا گیا ہے۔
راستوں کی بندش سے سلطان آباد، ہجرت کالونی اور ریلوے کالونی کے رہائشی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ بعض تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ پر گاڑیوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مختلف علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو بوٹ بیسن، تین تلوار، شاہین کمپلیکس اور دیگر متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے تاکہ دباؤ کم کیا جا سکے۔
