لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے اسرائیل اور لبنان کے جنگ بندی معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
تنظیم کے سربراہ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ موجودہ معاہدے میں حزب اللّٰہ پر حملے روکنے اور جنوبی لبنان سے پیچھے ہٹنے کی شرائط شامل ہیں، جبکہ اسرائیلی افواج کے انخلا سے متعلق واضح ضمانت موجود نہیں۔ ان کے مطابق ایسی کسی بھی جنگ بندی کے لیے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا خاتمہ اور لبنان سے مکمل واپسی ضروری ہے۔
دوسری جانب لبنانی حکومت نے معاہدے کی حمایت کی ہے، تاہم حزب اللّٰہ نے اس پر عمل درآمد سے اتفاق نہیں کیا۔ اطلاعات کے مطابق معاہدے کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر غزہ میں بھی کشیدگی برقرار ہے، جہاں حالیہ اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
