شاہ سلمان امدادی مرکز نے پاکستان میں اپنی موسمِ سرما کی امدادی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کر دی۔ اس سالانہ مہم کے تحت ملک بھر میں 22 ہزار ونٹر کٹس تقسیم کی گئیں تاکہ شدید سردی سے متاثرہ مستحق افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ کٹس 28 سرد ترین اور برف باری سے متاثرہ اضلاع میں تقسیم کی گئیں، جن میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، نیز پنجاب اور سندھ کے وہ علاقے شامل تھے جہاں درجہ حرارت انتہائی کم رہا۔
ہر ونٹر کٹ میں دو پولی ایسٹر کی رضائیاں، مردانہ و زنانہ گرم شالیں اور بچوں کے گرم ملبوسات شامل تھے۔ اس مہم کے نتیجے میں ایک لاکھ 51 ہزار 236 سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے کام کیا گیا۔ یہ کاوش پاکستان میں مستحق افراد کی مدد کے لیے شاہ سلمان امدادی مرکز کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
