ذات صلة

جمع

آبنائے ہرمز پر ایران کی سخت دھمکی، تیل کی عالمی منڈی بے چینی کا شکار

اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے ایک سینئر مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے اور وہاں سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق کمانڈر انچیف کے مشیر ابراہیم جباری نے خبردار کیا کہ اگر کوئی بحری جہاز گزرنے کی کوشش کرے گا تو ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کارروائی کریں گے۔

یہ مؤقف اسرائیل اور امریکا کے حالیہ فضائی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔ تہران نے عندیہ دیا ہے کہ خطے سے تیل کی ترسیل روکی جا سکتی ہے اور پائپ لائنز بھی ہدف بن سکتی ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اس وارننگ کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔

ادھر یورپ میں گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایشیا میں بھی توانائی مہنگی ہو گئی ہے۔ قطر انرجی کی ایل این جی تنصیبات متاثر ہونے کے بعد پیداوار روکنے کی اطلاعات نے صورتحال مزید کشیدہ بنا دی۔

دوسری جانب رأس تنورا آئل ریفائنری پر ڈرون حملے کی کوشش کو سعودی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔ یہ ریفائنری روزانہ پانچ لاکھ بیرل سے زائد تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے باعث خطے میں توانائی کے تحفظ پر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔