لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کو طلبہ سے داخلے کے لیے اضافی فیس وصول کرنے سے روک دیا ہے۔
جسٹس خالد اسحاق نے رانا ندیم کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں متعلقہ نجی کالج کو درخواست گزار کی بیٹی سے اضافی فیس لینے سے منع کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نوٹیفکیشن کے تحت کوئی بھی نجی کالج طلبہ سے 18 لاکھ روپے سے زائد فیس وصول نہیں کر سکتا۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ نجی کالج ان کی بیٹی سے 27 لاکھ روپے فیس کا مطالبہ کر رہا ہے، جو نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس معاملے پر داد رسی کے لیے متعلقہ فورم موجود ہے، لہٰذا درخواست گزار تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجوع کرے۔
حکم نامے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل درخواست پر 30 روز کے اندر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔
