سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر کے لیے جدید طیاروں کی تیاری مکمل ہو گئی ہے، اور توقع ہے کہ یہ طیارے آئندہ چند روز میں مملکت پہنچ جائیں گے۔
امریکا کی ریاست جنوبی کیرولائنا میں بوئنگ فیکٹری کے دورے کے دوران امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر و ریاض ایئر کے چیئرمین یاسر الرمیان نے نئے طیاروں کا معائنہ کیا۔
ریاض ایئر کا کہنا ہے کہ ان جدید طیاروں کی شمولیت سے ایئرلائن اپنے آپریشنز کے ایک نئے دور میں داخل ہو گی، جس کا مقصد سعودی عرب کو عالمی اور علاقائی فضائی مراکز سے بہتر طور پر جوڑنا ہے۔
کمپنی کے مطابق جدید طیاروں کی آزمائشی پرواز بھی کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ریاض سے لندن کے درمیان پروازوں کے آغاز کی تیاری بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ لائلٹی پروگرام بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ریاض ایئر کی جانب سے مستقبل میں بین الاقوامی روٹس پر توسیع اور جدید سہولیات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی سروسز بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
