وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے منافع کے حوالے سے عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور آئندہ مالی سال میں معاشی صورتحال مزید بہتر ہونے کی امید ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔
اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو فرخ سبزواری نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں کاروباری طبقے کو متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جن سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی حالات اور بین الاقوامی بیانات کے اثرات بھی مارکیٹ کے رجحانات پر نمایاں طور پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔
