سعودی عرب کے جنوب مغربی خطے جازان میں قدرتی مناظر اور پُرسکون ماحول سیاحوں کو فطرت کی خوبصورتی سے قریب لاتے ہیں۔ بحیرۂ احمر کی نیلگوں لہریں، سرسبز پہاڑ اور وسیع میدان یہاں کے دلکش مناظر میں شامل ہیں۔
جزائر فرسان، جو جازان شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر دور واقع ہیں، اس خطے کی سب سے نمایاں پہچان ہیں۔ 84 سے زائد مونگے کی جزیروں پر مشتمل یہ سلسلہ تقریباً 1050 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور پائیدار سیاحت کی کامیاب مثال پیش کرتا ہے۔
سفید ریتیلے ساحل، شفاف فیروزی پانی اور مینگرووز کے جنگلات نہ صرف ماہی گیری اور غوطہ خوری کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں بلکہ یہاں 180 سے زیادہ پودے اور 200 سے زائد پرندوں کی اقسام بھی پائی جاتی ہیں، جن میں عقاب، بگلے اور دیگر آبی و نقل مکانی کرنے والے پرندے شامل ہیں۔ آبی مخلوقات جیسے سبز کچھوے، ڈولفن، وہیل اور شارک بھی یہاں موجود ہیں۔
تاریخی اعتبار سے بھی یہ جزائر اہمیت رکھتے ہیں۔ القصار قصبے میں حمیری دور کے پتھر کے قدیم مکانات اور 1347 ہجری میں تعمیر شدہ مسجد النجدی جیسے تاریخی مقامات ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہیں۔ ماضی میں موتیوں کی تلاش بھی اس خطے کی معیشت کا اہم حصہ رہی ہے۔
ہر سال لاکھوں سیاح جزائر فرسان کا رخ کرتے ہیں۔ خاص طور پر سالانہ فیسٹیول ’لیلی الحرید‘ ہزاروں افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ یہ ترقیاتی اقدامات مملکت کے وژن 2030 اور گرین سعودی انیشیٹیو کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد قدرتی وسائل کا تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا ہے۔
